نئی دہلی،17؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے اسٹار بلے باز سچن تندولکر نے جمعہ کو جنوبی افریقہ کے دھماکہ خیز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو انوکھے انداز میں سالگرہ کا مبارکبادی پیغام بھیجا ہے۔سچن نے سوشل میڈیا پر بی ڈی ویلیئرز کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھاکہ جب انوکھے شاٹس کی بات آتی ہے تو کرکٹ کی دنیا میں ایسے بہت کم بلے باز ہیں جو اے بی ڈی ویلیئرز کی طرح کھیل سکے۔ سالگرہ مبارک مسٹر 360، یہ دن شاندار رہے۔اے بی ڈی ویلیئرز بین الاقوامی کرکٹ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ون ڈے کپتان بھی۔آئی پی ایل میں اے بی ڈی وراٹ کوہلی کی ٹیم آرسی بی کے لئے کھیلتے ہیں۔اے بی ڈی ویلیئرز نے حال ہی میں اپنی چوٹ سے ابھرکر سری لنکا کے خلاف 5میچوں کی ون ڈے اور واحد ٹی 20سیریز میں بااثر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔اے بی ڈی ویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لئے کل 106ٹیسٹ مقابلوں میں 8ہزار سے زیادہ رن بنائے ہیں۔وہیں ون ڈے میں ان کے نام 200سے زیادہ مقابلوں میں 53کے انتہائی شاندار اوسط سے 8900سے زیادہ رنز شامل ہیں۔ٹی 20میں انہوں نے 1431رنز بنائے ہیں۔